علماء دیوبند کون ہیں؟

مفتی صاحب  علماء دیویندکیا ہیں؟ یہ کوئی نظریہ ہے یا کوئی فرقہ ہے؟  جامع   مانع وضاحت چاہیے۔

علمائے دیوبند یا دیوبندی الگ شناخت رکھنے والے کسی فرقے کا نام نہیں ہے ۔ دیوبند ، ہندوستان میں واقع ایک بستی ہے، جہاں حضرت مولانا قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نےایک دینی مدرسے کی بنیاد رکھی جس کا نام دار العلوم دیوبند ہے۔  اس مدرسے کے فیض یافتہ اور ان کے  شاگرددیوبندی یا علمائے  دیوبند کہلاتے ہیں۔علمائے دیوبند نے کوئی نیا مذہب، مسلک، طریقہ اختیار نہیں کیا  بلکہ  "مسلک علمائے دیوبند" در حقیقت فکر وعمل کے اس طریقے کا نام تھا جو دار العلوم دیوبند کے بانیوں یا اس کے مستند اکابر نے اپنے مشایخ سے سند متصل کے ساتھ حاصل کیا تھا، اور جس کا سلسلہ حضرات صحابہ و تابعین سے ہوتا ہوا سرکار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے جڑا ہوا ہے۔ اہل سنت والجماعت کی کوئی بھی مستند کتاب اٹھا کر دیکھ لیجیے اس میں جو کچھ لکھا ہوگا وہی علمائے دیوبند کے عقائد ہیں  وہی علمائے دیوبند کا مسلک ہے۔ انبیائے کرام اور صحابہ و تابعین سے لے کر اولیاء امت اور بزرگان دین تک جن جن شخصیتوں کی جلالت شان اور علمی وعملی قدر ومنزلت پر جمہور امت کا اتفاق رہا ہے وہی شخصیتیں علمائے دیوبند کے لیے مثالی اور قابل تقلید شخصیتیں ہیں۔ علماء دیوبند کے عقائد وہی ہیں جو عقائد اہل سنت والجماعت کے ہمیشہ سے رہے ہیں۔ علماء دیوبند کے بارے میں مزید جاننے کے لیےحکیم الاسلام قاری محمد طیب صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب علمائے دیوبند کا دینی رخ اور مسلکی مزاج کا مطالعہ فرمائیں۔    

 06  ستمبر 2024ء

فتوی نمبر : 7981